حیدرآباد ،صحافی ملک عزیز اللہ کینٹ قبرستان میں سپرد خاک

جمعرات 24 جولائی 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) حیدرآباد کےصحافی ملک عزیز اللہ کو کینٹ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ لطیف آباد یونٹ نمبر 8 کی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، بیوروکریٹس، وکلاء، تاجروں، ڈاکٹروں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، عزیز و اقارب اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحوم کافی عرصے سے علیل تھے اور گزشتہ شب اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ملک عزیز اللہ ایک نہایت قابل، خوش اخلاق اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ وہ اپنے کیریئر کے آغاز میں جنرل ایوب خان کے دور میں محکمہ پولیس میں خدمات انجام دیتے رہے، جہاں وہ مارکیٹ تھانے سمیت دیگر تھانوں پر بطور ایس ایچ او تعینات رہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے پولیس سروس کو خیرباد کہہ کر حیدرآباد چیمبر آف کامرس میں بطور سیکرٹری خدمات انجام دیں، اور پھر صحافت کے میدان میں قدم رکھا۔

وہ طویل عرصے تک روزنامہ ڈان میں بطور بیوروچیف فرائض انجام دیتے رہے اور ساتھ ہی بین الاقوامی جرائد و اخبارات میں بھی تجزیئے اور کالم لکھتے رہے۔ ان کی صحافتی خدمات، تحقیقی انداز اور بے باک تجزیے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ مرحوم کی وفات پر صحافتی برادری، دوستوں اور وابستگان نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :