واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی جانب سے دیامر میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری

جمعرات 24 جولائی 2025 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ترجمان دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے مطابق چیئرمین واپڈا نوید اصغر چودھری اور پراجیکٹ کے سینئر حکام کی ہدایت پر واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کے تحت ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے دیامر میں حالیہ سیلابی صورتحال کے دوران ریلیف اور بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لیا ہے۔

سیلابی صورتحال اور ایمرجنسی کے پیش نظر، ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر واپڈا اور اس کے کنٹریکٹرز کی ہیوی مشینری متاثرہ سڑکوں اور راستوں کو کلیئر کرنے میں مصروف عمل ہے۔ اس کے علاوہ، واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی گاڑیوں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے ہوئے متعدد مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ریلیف سرگرمیوں کے تسلسل میں، واپڈا نے بابوسر تھک کے مختلف دیہاتوں میں 160 سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی۔

امدادی سامان میں روزمرہ استعمال کی اشیاء بشمول دالیں، چاول، چائے پتی، دودھ کا پاؤڈر اور دیگر ضروری گھریلو اشیاء شامل تھیں، جو متاثرین کو امدادی بیگز کی صورت میں فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دیامر کیپٹین (ریٹائرڈ) عطاء الرحمان کاکڑ، ایس پی دیامر، اور جی بی اسکاؤٹس کے سینئر حکام نے امدادی سامان کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر جی بی ڈی ایم اے، پولیس، ریسکیو اہلکار، مقامی رضاکار، عمائدین اور علمائے کرام بھی موجود تھے۔مقامی عمائدین اور علما کرام نے اس فوری اور مؤثر امداد پر واپڈا اور دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات کو سراہا۔