ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا دورہ

جمعرات 24 جولائی 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے جمعرات کے روز ضلع کیچ میں جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا دورہ کیا جن میں ماڈل سٹی پروجیکٹ کے مختلف فیزز، ملک آباد، شاہی تمپ، سینٹرل جیل اور مضافاتی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے شامل تھے ۔اس موقع پر محکمہ اربن ڈویلپمنٹ کے انجینئرز نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور حل طلب نکات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کے ثمرات جلد عام لوگوں تک پہنچ جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے مسلسل ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، ضلعی انتظامیہ کی ترقیاتی عمل میں سنجیدگی اور شفاف طرز حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ماڈل سٹی پروجیکٹ سمیت دیگر شہری انفراسٹرکچر منصوبے کیچ کے شہری و معاشی منظرنامے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں، عوامی حلقوں کی جانب سے ان دوروں اور اقدامات کو سراہا جا رہا ہے، تاہم ان کا مطالبہ ہے کہ کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ برسوں سے حل طلب مسائل کا خاتمہ ممکن ہو۔

انہوں نے ترقیاتی کاموں کے معیار پر بعض مقامات پر اٹھنے والے سوالات کا سنجیدہ نوٹس لینے اور ان کا حل نکالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شفافیت، معیار اور رفتار کو برقرار رکھا گیا تو یہ منصوبے نہ صرف ضلع کیچ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :