تہاڑ جیل میں شبیر شاہ کی صحت تیزی سے گر رہی ہے،شبیر شاہ کی بیٹی سحر شبیر کی والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 24 جولائی 2025 22:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) غیر قانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی بیٹی سحر شبیر نے کہا ہے کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں انکے والد کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے گر رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سحر شبیر نے اپنی بڑی بہن کے ہمراہ تہاڑ جیل میں اپنے والد سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جیل میں شبیر شاہ کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ، ان کا رنگ زردہے اور وہ بہت لاغر اورکمزو ر لگ رہے تھے ۔ انہوں نے بتایاکہ شبیر شاہ غیر متزلزل عزم اور حوصلے کے مالک ہیں انہوں نے دہائیوں تک قید کو ثابت قدمی سے برداشت کیا ہے تاہم آج ان کی حالت ابتر تھی۔انہوں نے کہاکہ ابھی چند دن قبل تہاڑ جیل کے ڈائریکٹر جنرل کے عملے نے ایک عوامی نوٹس جاری کیا تھاجس میں انکے خدشات کی تردید کرتے ہوئے کہاگیاتھاکہ شبیر شاہ جیل میں مکمل طورپرصحت مند ہیں ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہاکہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہتی ہیں کہ ان کا یہ دعویٰ بالکل درست نہیں تھا ۔سحر شبیر نے مزیدکہاکہ شبیر شاہ کو صفدر جنگ ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں تاہم االحمدللہ، ان کا کینسر کا ٹیسٹ منفی آیاہے۔ انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ دل کے عارضے کے علاوہ ذیابیطس ، پروسٹیٹ انفیکشن اور گھٹنے کے مسائل میں مبتلا ہیں اور انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے، انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔

سحر شبیر نے کہاکہ شبیر شاہ جیل میں چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں اگرچہ ان پر عدالت کی طرف سے کبھی فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے تاہم ان کے جذبہ حریت اورعزم و ہمت کو کمزور کرنے کیلئے دانستہ طورپر انکے خلاف درج جھوٹے مقدمات کی سماعت میں تاخیر کی جارہی ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ انکے والد شبیر احمد شاہ اور دیگر غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔