خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹالوجی کے اسپتالوں کا تفصیلی دورہ

دورے کے موقع پر آصفہ بھٹو کی مریض بچوں کے والدین، عملے اور ڈاکٹروں سے بات چیت، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی نظام پر معلومات لی

جمعرات 24 جولائی 2025 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹالوجی کے اسپتالوں کا تفصیلی دورہ کیا۔خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے ادارہ برائے صحتِ اطفال و نومولود کے دو مرکزی اسپتالوں کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دورے میں وزیرِ صحت و بہبودِ آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، اور دیگر اہم حکومتی عہدیداران بھی موجود تھے۔

اعظم بستی میں قائم "مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتال" کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیرِ بلدیات سعید غنی نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔خاتون اول آصفہ بھٹو نے کورنگی نمبر 5 میں واقع "چلڈرن اسپتال" کا بھی دورہ کیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے اسپتالوں کے مختلف وارڈز،ایمرجنسی، لیبر رومز، نیونٹالوجی یونٹس اور او پی ڈیز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے موقع پر آصفہ بھٹو کی مریض بچوں کے والدین، عملے اور ڈاکٹروں سے بات چیت، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی نظام پر معلومات لی۔نومولود بچوں، شیر خوار بچوں اور بچوں کو عالمی معیار کے مطابق مفت علاج کی فراہمی پر آصفہ بھٹو کی جانب سے مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹالوجی کا کام قابلِ ستائش ہے۔

جو والدین یہاں آ رہے ہیں، ان کے لیے مفت اور معیاری علاج کسی نعمت سے کم نہیں۔سندھ حکومت کا صحت کے شعبے پر فوکس قابلِ فخر ہے۔بچوں اور ماں کے لیے بلا تفریق اور مفت علاج کی فراہمی ایک فلاحی ریاست کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جو کام یہاں ہوتا نظر آیا، وہ پاکستان کے مستقبل کی صحت مند نسل کی ضمانت ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے مریض بچوں کے والدین سے علیحدہ نشست میں بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر والدین نے اسپتال میں سہولیات کو سراہا۔ڈاکٹروں اور نرسنگ اسٹاف کے پیشہ ورانہ رویے کو بھی سراہا۔وزیر سندھ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ حکومت سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹالوجی SICHN کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے رہی ہے کراچی میں چار بڑے مراکز (اعظم بستی، کورنگی، جناح اسپتال، سوبھراج) کے علاوہ، سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ جیسے شہروں میں بھی جدید مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔مراکز میں جدید مشینری، تربیت یافتہ عملہ اور 24 گھنٹے ایمرجنسی سروسز دستیاب ہیں۔