دیرپا امن کی بحالی کے لئے فوری طور پر جامع اور مربوط اقدامات کئے جائیں،پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاء کا خطاب

جمعرات 24 جولائی 2025 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی میزبانی میں وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی کابینہ اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں شریک سیاسی جماعتوں میں جماعت اسلامی، جمیعت علمائے اسلام (س)، پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان تحریک انصاف، قومی وطن پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز شامل ہیں۔

سابق گورنرز خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ اور شاہ فرمان بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ ان کیمرہ سیشن میں شرکاءکو صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، امن و امان کے لئے صوبائی حکومت کی کوششوں اور اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے اختتام پر درجہ ذیل نکات پر مشتمل مشرکہ لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ شہداء اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہرے رنج و غم اور مکمل یکجہتی کا اظہار، صوبے میں دیرپا امن کی بحالی کے لیے فوری طور پر جامع اور مربوط اقدامات کیے جائیں، خوارج کے خاتمے کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ہدفی کارروائیاں (انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ) عمل میں لائی جائیں۔

دیرپا امن کی کاوش اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں، مشران، عوام، حکومت خیبر پختونخوا، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق بھر پور کارروائی کا اعادہ کرتے ہیں۔ صوبے کو عسکریت پسندی کے چنگل سے نجات دلائی جائے گی اور امن بحال کیا جائے گا، جو علاقے میں خوشحالی اور پائیدار ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ اِس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں اور عوامی نمائندے ضلعی سطح پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل اور بھر پور تعاون کا اعادہ کریں۔