اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی صدارت میں صدارتی بیان (S/PRST/2025/5) منظور کیا

جمعہ 25 جولائی 2025 02:40

اسلام آباد/اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی صدارت میں ایک اہم صدارتی بیان (S/PRST/2025/5) منظور کیا ہے، جس میں بین الاقوامی امن و امان کے قیام کے لیے اقوام متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدارتی بیان کے اہم نکات میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے کونسل نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ میں اپنی بنیادی ذمہ داری کی توثیق کی۔

اس سلسلے میں کونسل نے اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

تنازعات کے پرامن حل کا عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کونسل نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور او آئی سی کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کی، جس میں ثالثی، مذاکرات، اور دیگر پرامن طریقے شامل ہیں ۔

سیکرٹری جنرل کی ثالثی کی اہمیت کے حوالے سے بیان میں سیکرٹری جنرل کے "اختیارات" کے کردار کو سراہا گیا اور انہیں او آئی سی کے ساتھ مل کر تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کے عمل کو فعال کرنے کی ترغیب دی گئی ۔ کونسل نے او آئی سی کی جانب سے تنازعات کی روک تھام، امن کی بحالی، اور ثالثی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہا، جبکہ اس بات پر زور دیا کہ یہ کام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے ۔

مستقبل میں تعاون کو بڑھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کونسل نے او آئی سی کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور امن کی تعمیر کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی اگلی رپورٹ میں او آئی سی کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کریں ۔ یہ بیان پاکستان کے جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران منعقدہ ایک اہم اجلاس کے بعد جاری کیا گیا، جس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کی۔

اجلاس میں اقوام متحدہ اور او آئی سی کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا ۔ پاکستان نے اپنی صدارت کے دوران امن اور پرامن تنازعات کے حل کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں ایک قرارداد بھی پیش کی گئی جو پرامن تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے ۔ یہ صدارتی بیان اقوام متحدہ اور او آئی سی کے درمیان تعاون کو ایک نئی سطح پر لے جانے کی کوشش ہے، جس کا مقصد عالمی امن کو مستحکم کرنا ہے۔ پاکستان کی قیادت میں یہ اقدام کثیر الجہتی اور پرامن حل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔