ملکہ کوہسار مری میں معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا پی ایچ اے کا عزم ہے، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی

جمعہ 25 جولائی 2025 14:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ ملکہ کوہسار مری کو سرسبز و شاداب بنانا، عوام کو صاف ستھرا ماحول اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا پی ایچ اے کا عزم ہے، اس سلسلے میں مختلف منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لوئر ٹوپہ پارک میں شاندار سجاوٹ اور باغبانی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس سے پارک کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مری میں سات مختلف نشست گاہوں (سِٹنگ اسپاٹس) کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی نے اپر جھیکا گلی، ویو فورتھ روڈ، گورنمنٹ ہاؤس روڈ سمیت مری شہر کے مختلف مقامات پر خوبصورت پلانٹرز نصب کیے ہیں۔ ان پلانٹرز کو تقریباً 50 ہزار تازہ پھولوں اور پودوں سے سجایا گیا ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ مری قدرتی حسن کا شاہکار ہے، اسے مزید خوبصورت بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنا پی ایچ اے کی ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :