Live Updates

حماد اظہرکا عدالت کے سامنے سرنڈرکرنے ، ضمانت کی درخواست دائرکرنے کا فیصلہ

جمعہ 25 جولائی 2025 15:50

حماد اظہرکا عدالت کے سامنے سرنڈرکرنے ، ضمانت کی درخواست دائرکرنے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے عدالت کے سامنے رضاکارانہ سرنڈر کرنے اور ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے قریبی رفقاء اور وکلاء سے تفصیلی مشاورت مکمل کر لی ہے۔سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے وکلاء ٹیم کو فوری طور پر طلب کیا اور ممکنہ قانونی لائحہ عمل پر غور کیا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ بھی کر لیا ہے کہ ضمانت نہ ملنے کی صورت میں گرفتاری دے کر جیل چلے جائیں گے۔اس حوالے سے ایکس پر جاری اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ میں اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے میرے والد کے جنازے میں اور قران خوانی میں شرکت کی اور ان لاکھوں افراد کا بھی جنھوں نے افسوس کے پیغامات بجھوائے اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جنھوں نے ان کی یاد میں میں بہترین الفاظ کہے اور میرے والد میاں اظہر مرحوم کے لئے دعا کی ہم ان کے بھی مشکور ہیں۔ میرے والد کی میراث شرافت، ایمانداری اور وزاداری ہے جو صرف میرے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے سیاسی کلچر کے لئے ایک اثاثہ اور شاندار روایت ہے۔انہوں نے کہا ک اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کم سن بچوں کا باپ ہوں اور مجھ سے زیادہ تکلیف اور دکھ میرے گھر والوں نے دو سال سے زائد عرصہ برداشت کی۔

ظاہر ہے کہ میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں، خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں۔ میں بے گناہ ہوں اور جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سر پیر نہیں۔ اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کروں گا اور انصاف طلب کروں گا۔ مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا اور نا ملا تو استقامت اور صبر سے مزید جبر برداشت کروں گا۔

بے شک اللہ صابرین کا ساتھ دینے والا ہے۔واضح رہے کہ حماد اظہر تقریباً دو سال سے روپوش تھے اور حال ہی میں اپنے والد، سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی وفات پر منظر عام پر آئے ہیں۔خیال رہے کہ حماد اظہر جو پیشے کے لحاظ سے بیرسٹر ہیں، حماد اظہر نے 2011میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کیا۔2018کے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 126سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور عمران خان کی کابینہ میں 2018سے 2022تک متعدد وزارتی عہدوں پر فائز رہے، جن میں وزیر توانائی اور وزیر خزانہ کے عہدے شامل ہیں۔

9مئی 2023کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں اور عسکری املاک پر حملوں کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے کئی رہنما روپوش ہو گئے جن میں حماد اظہر بھی شامل تھے۔ان کے خلاف نقص امن سمیت مختلف مقدمات درج ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات