آئرش اداکارہ نکولا کوفلان کی ایک بار پھر فلسطینیوں کے لیے فوری امدادکی اپیل ، برطانوی حکومت کے بے حسی پر تنقید

جمعہ 25 جولائی 2025 16:33

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) آئرش اداکارہ نکولا کوفلان نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے لیے فوری انسانی امداد اپیل کی ہے اور اپنی طرف سےفلسطینیوں کے لئے دس ہزار پائونڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ برجرٹن اسٹار اور نیٹ فلکس کی ہٹ سیریز میں پینلپے پے فیدرنگٹن کے کردار کے لیے معروف ہیں اداکارہ نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی وڈیو میں غزہ میں جاری قحط پرانتہائی دکھ اور خوف کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کی حکومت پر اس انسانی صورتحال پر بے عملی اور اس میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ آپ میں سے بہت سے لوگوں کی طرح میں بھی غزہ سے آنے والی بھوک سے مرتے معصوم بچوں اور لوگوں کی تصاویر دیکھ کر سخت خوفزدہ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہاں برطانیہ میں حکومت اس حوالے سے کچھ نہیں کر رہی، اس صورتحال کو نظر انداز کر رہی ہے اور ایسا ظاہر کررہی ہے جیسے اس کے لئے غزہ میں کچھ بھی غیر معمولی نہیں ہو رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورت حال پر یہ رویہ غیر انسانی ہے جس کا میں نےاس سے قبل اپنی زندگی میں کبھی مشاہدہ نہیں کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ کے مکینوں کے لئے اس وقت سب سے اہم طبی امداد ہے اور وہ اس مقصد کے لئےلوگوں سے عطیات کی اپیل کرتی رہیں گی۔ واضح رہے کہ جولائی 2024 میں بھی نکولا کوفلان نے کامیابی کے ساتھ اپنی آن لائن مہم کے ذریعے فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ (PCRF) کے لیے 2 ملین ڈالر اکٹھے کیے تھے اور ان کے اس اقدام کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے شہری کے طور پر وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ بے گناہ لوگوں کا قتل کبھی بھی درست نہیں ۔نکولا کوفلان کی جانب سے عطیات کے لیے تازہ ترین کال اس وقت سامنے آئی ہے جب غزہ میں انسانی صورتحال بدستور خراب ہوتی جا رہی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 میں اسرائیل کی جانب سے فوجی مہم شروع کرنے کے بعد سے کم از کم 115 فلسطینی بھوک سے ہلاک ہو چکے ہیں۔مرنے والوں کی تعداد میں بہت سے بچے بھی شامل ہیں، زیادہ تر ہلاکتیں حالیہ ہفتوں میں ہوئی ہیں۔