چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا کا مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ

جمعہ 25 جولائی 2025 23:37

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا انجینئر ریحان یوسف نے جمعہ کے روز مون سون بارشوں کے پیش نظر شہر کے مختلف اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے لنک روڈ،بند کھوہ،کیہال چوک،سینا لیبارٹری چوک اور آرام باغ میں نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انجینئر ریحان یوسف نے نالوں کی صفائی کے کام کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ مستقل تجاوزات کو فوری طور پر ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے تعاون سے ہٹایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واسا کی ٹیم پوری طرح الرٹ ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلے دن رات کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کا خاص خیال رکھیں اور نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ انجینئر محسن شہزاد ، سب انجینئر حارث خٹک اور فلیٹ سپروائزر نعمت اللہ خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جنہوں نے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلے مشینری اور عملہ ہر وقت تیار رہے۔

متعلقہ عنوان :