فش فارم کے لئے پانی اور ڈرینج کا کام محکمہ آبپاشی کی ذمہ داری ہے،محمد علی ملکانی

کسی بھی ماڈل ولیج کے لیئے زمین ریونیو ڈپارٹمنٹ دیتا ہے ،صوبائی وزیر کا ایوان میں تحریری سوالات پر جواب

جمعہ 25 جولائی 2025 19:35

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو ڈپٹی اسپیکر نوید انتھونی کی زیرصدارت شروع ہو ا۔ایوان کی کارروائی کے دوران محکمہ فشریز اینڈ لائیو اسٹاک سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیرمحمد علی ملکانی نے ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کیجواب دیئے ۔ صوبائی وزیر نے رکن اسمبلی شبیر قریشی کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ فش فارم کے لئے پانی اور ڈرینج کا کام محکمہ آبپاشی کی ذمہ داری ہے جہاں پر پانی بہتر ہوتا ہے وہاں فش فارم لگایا جاتا ہے۔

شبیر قریشی نے دریافت کیا کہ ٹھٹھہ اور بدین کے ماڈل ولیجز کا کام کیامکمل ہوگیا ہے اورکراچی میں ماڈل ولیج کے لیئے کیوں جگہ نہیں ہے ۔ جس پرمحمد علی ملکانینے بتایا کہ کسی بھی ماڈل ولیج کے لیئے زمین ریونیو ڈپارٹمنٹ دیتا ہے ،ریونیو ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ کراچی میں ان کے پاس زمین دستیاب نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

شبیر قریشی نے کہا کہ کراچی میں ایک بہت بڑی تعداد میں ماہی گیر موجود ہیں جن کے پاس گھر نہیں،اس لئے ضروری ہے کہ کراچی میں ماڈل ولیج بنائے جائیں۔

وزیر لائیو اسٹاک نے کہا کہ آپ کی بات درست ہے مگر ہمارے پاس کراچی میں کوئی زمین نہیں ہے ۔ ایم کی وایم کے رکن شارق جمال نے کہا کہ حکومت زمین خرید کرکے ماہی گیروں کے لیئے سوسائیٹی بناسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے منصوبے رول بیک کیوں ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیرمحمد علی ملکانی نے کہا کہ کراچی جتنا آپ کو پیارا ہے ہم بھی اس شہر سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں اورکراچی پر ہمارا بھی اتنا حق ہے جتنا آپ کا ہے۔

ایوان کو اس کی کارروائی کے دوران گورنر سندھ کی جانب سے منظور کردہ بلوں کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران صوبائی وزیر پارلیمانی امور ضیا لنجار نے جیلوں میں افسران کے تقرر سے متعلق ایک ترمیمی بل پیش کیا جس کے تحت آئندہ پی ایس پی، پی اے ایس ،ایکس پی سی ایس افسران کو جیل تعینات کیا جا سکے گا۔ایوان نے اس بل کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔