ڑ*رحیم یارخان،کروڑوں روپے مالیت کے 150سے زائد مویشیوں سمیت 4افراد کا اغواء

۰ مقدمہ آباد پور پولیس نے مغوی ظہیراحمد کے والد کی مدعیت میں 20سے زائد نامعلوم اغوائ کاروں کے خلاف درج

جمعہ 25 جولائی 2025 19:55

.رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء)کروڑوں روپے مالیت کے 150سے زائد مویشیوں سمیت 4افراد کے اغوائ کا مقدمہ آباد پور پولیس نے مغوی ظہیراحمد کے والد کی مدعیت میں 20سے زائد نامعلوم اغوائ کاروں کے خلاف درج کرلیا‘تھانہ بنگلہ اچھا پولیس کا واقعہ اپنی حدود میں تسلیم کرنے سے انکار۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز موضع بیٹ اللہ وسایا آباد پور کے علاقہ سے کچہ کے دولانی گینگ اور لنڈ گینگ کے 20سے زائد مسلح اغوائ کاروں نے دریائی علاقہ میں موجود ظہیراحمد جبکہ کچہ میانوالی کے رہائشی نیازاحمد‘ جبار احمد اور الطاف حسین کو 150 سے زائد مویشیوں سمیت اسلحہ کی نوک پر اغوائ کیا اور کچہ کے علاقہ کی جانب فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اغوائ کی واردات تھانہ بنگلہ اچھا اور تھانہ آباد پور کی مشترکہ حدود میں پیش آئی تھی تاہم بنگلہ اچھا پولیس نے واردات کو اپنی حدود میں تسلیم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کارروائی سے گریز کیا۔بعدازاں آباد پور پولیس نے مغوی ظہیراحمد کے والد کی مدعیت میں نامعلوم اغوائ کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔