-رحیم یارخان،عدم ادائیگی پر میپکو کی جانب سے ٹرانسفارمر اتارے جانے کے خلاف درجنوں متاثرین کا رات گئے دعاچوک پر شدید احتجاج‘

جمعہ 25 جولائی 2025 19:55

؂رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء)عدم ادائیگی پر میپکو کی جانب سے ٹرانسفارمر اتارے جانے کے خلاف درجنوں متاثرین کا رات گئے دعاچوک پر شدید احتجاج‘ گھنٹوں دھرنا‘ واجبات کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کے میٹرز اتارے جائیں‘ ٹرانسفارمر اتار کر علاقہ بھر کے مکینوں کو اذیت سے دوچار کرنا زیادتی ہے‘ متاثرین کے زبردست احتجاج پر میپکوعملہ کی رات گئے ٹرانسفارمر مہیا کرنے کی یقین دہانی پر شرکائ منتشر ہوگئے۔

تفصیل کے مطابق گذشتہ شب رحمت کالونی کے درجنوں مکینوں نے دعائ چوک پر میپکوحکام کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پر پیپلزلائرزفورم کے ضلعی صدر مرزا امین خان اور رحمت کالونی کے رہائشی ریاست علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ میپکوحکام نے 5روز قبل عدم ادائیگی کے باعث علاقہ کوبجلی کی فراہمی کیلئے لگایا گیا ٹرانسفارمر اتارلیاتھا جس کے نتیجہ میں علاقہ بھر کے صارفین بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عدم ادائیگی کی صورت میں میپکوصارفین کے میٹراتارکر کارروائی کرے تاہم ٹرانسفارمر اتارکر ادائیگی کرنے والے صارفین کو اذیت سے دوچار کرنا سراسرزیادتی کے مترادف ہے۔متاثرین کے دھرنا کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا جس پر ضلعی انتظامیہ کے نوٹس لینے پر میپکوحکام نے موقع پر پہنچ کر ٹرانسفارمر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشرہوگئے۔