پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے 22 بڑے شہروں میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کیلئَ کوالٹی آف سروس سروے مکمل کر لیا

جمعہ 25 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک کے 22 بڑے شہروں بشمول آزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے لیے کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے مکمل کر لیا ہے۔ یہ سروے سال 2025ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران کیے گئے جن کا مقصد براڈبینڈ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں (بی ایس پیز ) کی نیٹ ورک کارکردگی کا جائزہ اور صارفین کو انٹرنیٹ کی معیاری سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

سروے نتائج سے ظاہر ہوا کہ زیادہ تر سروس فراہم کنندگان اہم کی پرفارمنس انڈیکیٹرز(کے پی آئیز) پر پورا اتر رہے ہیں جن میں نیٹ ورک کی دستیابی (مقامی اور کور)، جٹر، نیٹ ورک لیٹنسی (مقامی حصہ) اور نیٹ ورک لیٹنسی (بین الاقوامی حصہ)شامل ہیں تاہم کچھ شہروں میں چند سروس فراہم کنندگان بینڈوڈتھ کے استعمال (Bandwidth Utilization) کے اشاریہ پر مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے جو کہ مصروف اوقات میں صارف کے تجربے کو متاثر کر سکتا ہے اور مجموعی سروس کوالٹی میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس پر پی ٹی اے نے متعلقہ آپریٹروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنی سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائیں۔پی ٹی اے کا مقصد ان سروے کے ذریعے ملک بھر میں فکسڈ لائن براڈبینڈ کی مجموعی سروس کوالٹی کو بہتر بنانا اور صارفین کے لئے معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔سروے کی مکمل تفصیلات عوام الناس کی معلومات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ https://www.pta.gov.pk/category/qos-survey-of-fixed-line-broadband-service-providers-2020-1403945254-2023-05-30