سوات ،ٹریفک وارڈن پولیس کی ون ویلنگ، کالے شیشوں ،کمسن ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈائون

جمعہ 25 جولائی 2025 21:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2025ء)ٹریفک وارڈن پولیس سوات نے عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر موصولہ اطلاعات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ضلع بھر میں ون ویلنگ، کمسن ڈرائیونگ، کالے شیشوں، فلیش لائٹس اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ایس پی ٹریفک وارڈن سوات حبیب اللہ خان نے ان شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پیز خان نظر خان (لوئر سوات)اور محمد کریم خان (اپر سوات)کو فوری کریک ڈائون کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ضلع کے مختلف سیکٹرز میں درجنوں موٹر سائیکل سواروں کو حراست میں لے کر ان کی گاڑیاں مقامی تھانوں اور ہیڈکوارٹر منتقل کر دیں، جبکہ متعدد گاڑیوں سے کالے شیشے اور غیرقانونی نمبر پلیٹس ہٹا دی گئیں۔ترجمان کے مطابق، کمسن ڈرائیوروں کو والدین کی تحریری ضمانت پر رہا کیا گیا ہے کہ آئندہ وہ بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ایس پی حبیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ ون ویلنگ ایک خطرناک کھیل ہے جو نہ صرف سوار کی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔