چین آہنی برادر ہے لیکن امریکہ کے ساتھ بھی بہترین تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، وزیرخارجہ

اتوار 27 جولائی 2025 11:20

چین آہنی برادر ہے لیکن امریکہ کے ساتھ بھی بہترین تعلقات رکھنا چاہتے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم چین کے بہت قریب ہیں، ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں، ہم آئرن برادر ہیں، ہم امریکا کے ساتھ بھی بہترین تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔العربیہ ٹی وی کو انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم صدر ٹرمپ کے پاکستان کے دورے کا خیرمقدم کریں گے، امریکا ثالثی کرے تو پاکستان بھارت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے جبکہ بھارت نے ٹرمپ کی جانب سے تنازع کے حل پر ٹویٹس پر منفی ردعمل دیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں، کسی ملک سے کوئی جارحیت نہیں چاہتے مگر تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، ہم اکیلے کچھ نہیں کر سکتے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق چاہتے ہیں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدارامن ممکن ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب، یو اے ای، قطر کے ساتھ تعلقات انتہائی دوستانہ ہیں، ایران اسرائیل تنازع پر سفارتی حل کی بھرپور حمایت کی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل ناگزیر ہے، دو ریاستی حل ہی فلسطین میں امن کا راستہ ہے، مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو خطیمیں بے پناہ معاشی امکانات موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے اوآئی سی اور اقوام متحدہ کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے، فرانس سعودی عرب کانفرنس کو پاکستان کی مکمل حمایت حاصل ہے، فلسطین کے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس 28 اور29 جولائی کو نیویارک میں ہوگی، فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد بڑھنی چاہئے۔