Live Updates

ڈی جی گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات

جمعہ 25 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ادارے مختلف شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کرکے تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔ ان میں انجینئرنگ، ایڈمنسٹریشن، فنانس سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔اس موقع پر چیف انجنیئر جی ڈی اے حاجی سید محمد نے ڈائریکٹر جنرل کو گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت مکمل شدہ، جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

انہیں بتایا گیا کہ جی ڈی اے اب تک 128 مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کر چکا ہے جبکہ 20 منصوبوں پر کام جاری ہے اور اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری سرگرمیاں ان کے علاوہ ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل کو آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلات دی گئیں جن میں میرین ڈرائیو کو کوہِ باتیل تک توسیع دینا، مغربی ساحل پدی زر پر ماہی گیروں اور بوٹ میکنگ صنعت کیلئے سہولیات فراہم کرنا، نادرن بائی پاس کی تعمیر، سمارٹ انوائرمنٹل پروجیکٹ، جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کی توسیع، نرسنگ سکول اور میڈیکل کالج کے قیام جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اسی طرح پرانی آبادی میں شاہی بازار اور جنت بازار، ماڈل محلہ کی تعمیر و تزئین و آرائش کے منصوبے بھی شامل ہیں۔شہر میں حالیہ پانی کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ جی ڈی اے نے شہر کو شادی کور ڈیم اور سوڈ ڈیم سے واٹر ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے منسلک کیا ہے جس کے ذریعے روزانہ 35 لاکھ گیلن پانی کی ترسیل کی جا رہی ہے۔

تاہم گزشتہ سوا سال سے بارش نہ ہونے کے سبب آنکاڑہ ڈیم خشک ہو چکا ہے، جس کے باعث شہر کے گرد و نواح میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ جی ڈی اے اپنی سطح پر اس بحران پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے پانی کی فراہمی میں بہتری اور عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کو سخت ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر معین الرحمٰن خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ گوادر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار اور سیاح یہاں آ کر مستفید ہو سکیں۔انہوں نے جی ڈی اے کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جی ڈی اے ایک منظم و موثر ترقیاتی ادارہ ہے ،لہذا اس کے قیام کے بنیادی مقصد کے پیش نظر وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ دیانت داری سے انجام دیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پائیداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات