تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تین روز سے جاری جھڑپوں میں 33 افراد ہلاک

ہفتہ 26 جولائی 2025 10:40

بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان تین روز سے جاری جھڑپوں میں 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ اردو نیوز کے مطابق کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے 13 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جس میں 8 شہری اور پانچ فوجی شامل ہیں، جبکہ 71 افراد زخمی ہوئے ہیں۔تھائی لینڈ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ان کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد اموات کی کُل تعداد 20 ہو گئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں 14 شہری اور چھ فوجی شامل ہیں۔تین دن سے جاری لڑائی کے باعث ایک لاکھ 38 ہزار شہری تھائی لینڈ کے سرحدی علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہی جبکہ کمبوڈیا میں 35 ہزار افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد کمبوڈیا کے سفیر نے ’’غیرمشروط فوری جنگ بندی‘‘ کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم تنازع کا پرامن حل چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں ،اگر کمبوڈیا یہ معاملہ دوطرفہ طور پر سفارتی ذرائع یا اگر ملائیشیا کے ذریعے بھی حل کروانا چاہتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔دونوں ممالک نے لڑائی پہلے شروع کرنے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے جبکہ تھائی لینڈ کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا نے ہسپتال اور پیٹرول سٹیشن سمیت شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کی افواج پر کلسٹر بم استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان 800 کلومیٹر طویل سرحد ہے جبکہ کئی مقامات متنازع ہیں جن پر دہائیوں سے اختلافات پائے جاتے ہیں۔اس سے قبل2008 اور 2011 میں دونوں ممالک میں سرحدی تنازع پر لڑائی ہوئی تھی جس میں28 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بےگھر ہوئے تھے۔