ہزارہ یونیورسٹی میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی 2 روزہ قومی کانفرنس اختتام پذیر

ہفتہ 26 جولائی 2025 11:37

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ہزارہ یونیورسٹی میں سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی 2 روزہ قومی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایچ ای ڈی پی اور ورلڈ بینک کے تعاون سے منعقدہ کانفرنس میں ملک بھر کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے رہنمائوں اور ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پہلے دن کے سیشنز میں اہم موضوعات پر متعدد پینل مباحثے یونیورسٹی گورننس، ہراساں کرنے کی پالیسی کا نفاذ، ای ویسٹ مینجمنٹ، پائیدار کاروباری ماڈلز، نوجوانوں کی ملازمت اور برین ڈرین زیر بحث رہے۔ دوسرے دن پاکستان میں ہائر ایجوکیشن سیکٹر کی اے آئی کی بنیاد پر تبدیلی کے آغاز کے ساتھ ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا۔ ایک لائیو مظاہرے میں تدریس، سیکھنے اور تعلیمی انتظامیہ کو جدید بنانے کیلئےاے آئی سے چلنے والے ٹولز کی نمائش کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے حاضرین کو اس میگا پراجیکٹ کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی منظر نامہ کو نئی شکل دینے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی دور اندیش قیادت کیلئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کےلئے ایچ ای سی کی آئی ٹی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔ کانفرنس کو پاکستان میں مستقبل کیلئے تیار اعلیٰ تعلیمی ماحولیاتی نظام کی تعمیر کی جانب ایک جرات مندانہ قدم قرار دیا۔