جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا تاریخی ریکارڈ نشانے پر رکھ لیا

جو روٹ، سچن ٹنڈولکر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

ہفتہ 26 جولائی 2025 13:14

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹر جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ کو توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جو روٹ نے 150 رنز بنائے اور راہول ڈریوڈِ جیک کیلس اور رکی پونٹنگ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارت کے خلاف جو روٹ نے بارہویں اور مجموعی طور پر 38 ویں سنچری بنا کر سابق سری لنکن کرکٹر کمارا سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا۔

جو روٹ، سچن ٹنڈولکر کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ٹنڈولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 15921 رنز بنائے ہیں جبکہ جو روٹ کے ٹیسٹ رنز کی تعداد 13409 ہوگئی ہے۔بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں جو روٹ نے سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کا سب سے زیادہ 211 کیچز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مانچسٹر میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 544 رنز بنالیے ہیں، کپتان بین اسٹوکس 77 اور لیام ڈوسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

انگلینڈ نے بھارت کے خلاف 186 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔اس سے قبل بھارت کی ٹیم 358 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، یشسوی جیسوال 58 اور رشبھ پنت نے 54 رنز کی اننگز کھیلی تھی، کے ایل راہول 46 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے کپتان بین اسٹوکس نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، جوفرا آرچر نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔