چین پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے، چینی قونصل جنرل ژا شیریں

ہفتہ 26 جولائی 2025 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل برائے لاہور ژا شیریں نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے تعلقات وقت کے سخت ترین امتحان میں بھی ہمیشہ کامیاب، مستحکم اور دیرپا رہے ہیں، چین پاکستان میں نئے ڈیموں کی تعمیر کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور آبی وسائل کے موثر استعمال کے لیے نہایت اہم اقدام ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کی عمارت میں قائم ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) اردو نیوز سروس کے دورہ کے موقع پرکیا۔ قونصل جنرل کے ہمراہ ایک اعلی سطحی وفد بھی موجود تھا۔قونصل جنرل ژا شیریں نے زور دیا کہ چین پاکستان میں صرف تجارتی یا توانائی کے شعبے تک محدود نہیں بلکہ انفراسٹرکچر، تکنیکی ترقی اور ماحولیات کے میدان میں بھی بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر نہ صرف توانائی کے بحران کے حل میں مدد دے گی بلکہ پاکستان کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بھی بنائے گی۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے چینی ماہرین تکنیکی تعاون فراہم کر رہے ہیں اور اس حوالے سے کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔چینی قونصل جنرل نے پاکستان میں چینی سکالر کنفیوشس کے نام پر "کنفیوشس انسٹیٹیوٹ" کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی مفاہمت، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر دوستی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کی زبان، تہذیب اور روایات سے روشناس کرانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اور کوشش کے طور پر قونصل جنرل ژا شیریں نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ لاہور کے الحمرا ہالز میں چینی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس فیسٹیول میں دس چینی فلمیں انگریزی ڈبنگ کے ساتھ پیش کی جائیں گی تاکہ پاکستانی عوام چینی ثقافت کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی زبان کی تعلیم وقت کی ضرورت ہے، بالخصوص ان اداروں کے لیے جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے اے پی پی، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن جیسے اداروں کے ملازمین کو چینی زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کے ایک وفد کو چین کے دورہ کی دعوت دینے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ میڈیا نمائندگان براہ راست چینی معاشرت اور میڈیا اداروں کا مطالعہ کر سکیں۔

قونصل جنرل نے آئندہ شادمان میں واقع "چائنا چوک" کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی، جسے 1964 میں چین کے اس وقت کے وزیرِاعظم چو این لائی کے تاریخی دورہ پاکستان کی یاد میں منسوب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چوک دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی ایک علامت ہے۔دورے کے دوران قونصل جنرل نے اے پی پی اردو نیوز، ویڈیو نیوز سروس اور فوٹو سیکشن سمیت مختلف شعبوں کا مشاہدہ کیا اور ادارے کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی پی نہ صرف خبر رسانی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط اور مثبت تعلقات کے فروغ میں بھی قابل تحسین خدمات انجام دے رہا ہے۔قبل ازیں اے پی پی لاہور کے بیورو چیف طالب حسین نے معزز مہمانوں کو ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر انچارج اردو نیوز سروس محمد عبداللہ، ڈائریکٹر سائوتھ حافظ اعجاز بشیر، انچارج وی این ایس اعجاز الحق شہیدی اور اسپیشل کاریسپانڈنٹ ممتاز سلیم لنگاہ بھی موجود تھے۔ چیف رپورٹر انگلش نیوز سروس محمد نعیم خان نیازی نے ادارے کی تاریخ، خدمات اور ترقیاتی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔