پاکستان کی مہارتوں کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے، سی ای او پی ایف سی میاں کاشف اشفاق

اتوار 27 جولائی 2025 14:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) برطانوی فرنیچر مینوفیکچررز نے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور عالمی برآمدی منڈیوں میں پاکستان کی معیاری فرنیچر مصنوعات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، پی ایف سی کا وفد سی ای او میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں اس وقت برطانیہ کے دورے پر ہے۔ اتوار کو لندن سے یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق وفد کی درآمد کنندگان، خوردہ فروشوں اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

میاںکاشف اشفاق نے کہا کہ ملاقاتوں کا مقصد پاکستان کی مہارتوں کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا ہے۔ پاکستان کے دستکاری والے پریمیم فرنیچر کی برطانیہ میں مانگ بڑھ رہی ہے۔ اس کے روایتی اور عصری ڈیزائن انتہائی مقبول ہیں جن کی بنا پر یہ شراکت داری کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے مینوفیکچررز پاکستانی دستکاری اور کم لاگت والے اعلی ترین فرنیچر کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس طرح کے مشترکہ منصوبے 2030 تک فرنیچر کی برآمد کے 5 بلین ڈالر کے ہدف کے حصول میں معاون ہو سکتے ہیں۔