جے پی ایم سی میں تعینات نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر صدام صالح کے تعیناتی کے ابتدائی مہینے میں مثالی اقدامات

طبی خدمات اور انفیکشن کنٹرول کے شعبے میں نمایاں بہتری ،سیکرٹری محکمہ صحت سندھ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی کابھرپور خراج تحسین

اتوار 27 جولائی 2025 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)کراچی جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)میں تعینات ہونے والے نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیکل ڈاکٹر صدام صالح نے اپنی تعیناتی کے ابتدائی مہینے میں مثالی اقدامات کے ذریعے طبی خدمات اور انفیکشن کنٹرول کے شعبے میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے محکمہ صحت سندھ کے سیکرٹری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی کی جانب سے بھرپور تحسین حاصل کی ہے۔

ان کی قیادت میں جے پی ایم سی کی مرکزی کلینیکل لیبارٹری میں ایک مفت انفیکشن ڈزیز ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ یونٹ کا آغاز کیا گیا جس سے نہ صرف زیر علاج مریضوں بلکہ او پی ڈی مریضوں کو بھی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ صوبے کے غریب مریضوں کے لیے معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا جبکہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں جراثیم سے بچا کے لیے ڈسپوزایبل گان، ایپرن، دستانے اور عالمی معیار کی اینٹی بایوٹکس فراہم کی گئیں جن کے نتیجے میں وینٹی لیٹر سے منسلک انفیکشن کی شرح میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

آپریٹنگ تھیٹرز میں سرجری کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جرمن ساختہ ٹانکے فراہم کیے گئے ہیں اور سی ٹی اور ایم آر آئی اسکین کے لیے مریضوں کو مفت کنٹراسٹ میسر کیا گیا ہے، جب کہ اسپتال کی سطح پر کنٹراسٹ فری پالیسی کے نفاذ پر کام جاری ہے۔ مرگی کے مریضوں کے لیے طویل عرصے سے بند "ٹیٹا گرام-پی" انجیکشن کی دوبارہ دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ادویات کی فراہمی پر روزانہ کی بنیاد پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ دوا چوری کی روک تھام ہو اور وارڈز میں بروقت ادویات پہنچ سکیں۔ میڈیکل آئی سی یو ٹیم نے ڈاکٹر صدام کی خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے وینٹی لیٹر ایسوسی ایٹڈ نمونیا (VAP) کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور ہم ان کے ساتھ مزید اشتراک کے منتظر ہیں۔ ڈاکٹر صدام صالح نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ طبی سہولیات کی بہتری اور مریضوں کی خدمت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ، یدا کراچی اور جے پی ایم سی کے رہنماں نے بھی ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔