عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ،ختم نبوت ﷺ کا منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے‘ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کو تبدیل کرنے کیلئے بیرونی طاقتیں دباؤ بڑھا رہی ہیں‘ مولانا اللہ وسایا

اتوار 27 جولائی 2025 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مزنگ کے زیراہتما م تاریخ ساز تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا، جے یوآئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمدامجد خان ، مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی اور دیگر نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ہے ،امت کا اس پر اجماع ہے کہ ختم نبوت ﷺ کا منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کی تبلیغی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے ،قادیانیوں کو امتناع قادیانیت ایکٹ کا پابند بنایا جائے ،قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے برطرف کیا جائے ۔

(جاری ہے)

مولانا اللہ وسایا نے کہا کہ آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کو تبدیل کرنے کے لیے بیرونی طاقتیں مسلسل اپنا دباؤ بڑھا رہی ہیںہم کسی صورت آئین اور قانون میں ختم نبوت اور قانون توہین رسالت سمیت اسلامی دفعات کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے ۔

مولانا محمدامجد خان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت امت نے کبھی سودے بازی نہیں کی ، زمانہ نبوت سے اس عقیدہ کا امت مسلمہ نے دفاع کیا ہے، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے لیے شفاعت پیغمبر کے حصول کا ذریعہ ہے برطانوی حکومت نے قادیانی فتنہ کا بیج ڈالا اور اپنے مذموم مقاصد کے لئے اسے استعمال کیا، فرنگی قادیانی فتنہ کی پشت پناہی کررہے ہیں ایک طویل جد جہد کے بعد 7ستمبر1974کو پارلیمنٹ کے فلور پر متفقہ طورپر فیصلہ دیا ہے اس فیصلے پر مختلف قوتیں حملہ آور ہیں اور بیرونی دباؤ بڑھ رہا ہے امریکہ اوراستعماری قوتیں ہم سے ہمارا عقیدہ چھیننے کی کوشش کررہی ہیں ۔