سیالکوٹ پولیس کی کارروائی،گینگ کے سرغنہ سمیت دو خطرناک ملزمان گرفتار

اتوار 27 جولائی 2025 16:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) سیالکوٹ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران فانا گینگ کے سرغنہ سمیت دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔اتوار کو ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے جاری بھرپور کارروائیوں کے دوران ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوٹلی لوہاراں سب انسپکٹر شہباز اشرف نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عرفان عرف فانا گینگ کے سرغنہ سمیت 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں عرفان ولد عبدالرحمن، سکنہ چک 142، سلانوالی، ضلع سرگودھا، اور طاہر ولد رحمت اللہ، سکنہ چک 116، سلانوالی، ضلع سرگودھا شامل ہیں، جو علاقے میں اسلحہ کے زور پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں، نقدی اور قیمتی موبائل فونز چھیننے اور چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا، جبکہ ان کے قبضے سے دو عدد مسروقہ موٹرسائیکلیں، ایک لاکھ 30 ہزار روپے نقدی، دو عدد قیمتی سمارٹ موبائل فونز اور دو عدد 30 بور کے ناجائز پستول بمعہ متعدد گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 11 وارداتیں ٹریس کر لی ہیں، اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر حوالات بھجوا دیا گیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ، فیصل شہزاد، نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔