گواڈونگ گروپ کے بانی کی شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات، آئی سی ٹی اور نیو انرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال

اتوار 27 جولائی 2025 17:50

شنگھائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)شنگھائی میں جاری گلوبل آرٹیفیشل انٹیلیجنس کانفرنس کے موقع پر، گواڈونگ گروپ کے بانی اور چیئرمین مسٹر لو جی کی قیادت میں ایک تین رکنی وفد نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ سے 27 جولائی 2025 کو ملاقات کی۔وفد نے پاکستان کے آئی سی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، بالخصوص ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز، ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں۔

مسٹر لو جی نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز، سمارٹ سٹی حل، اور جدید مٹیریل مینوفیکچرنگ جیسے نیو انرجی شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے گواڈونگ گروپ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، تاکہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مزید تفصیلی مشاورت کی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولیات کی یقین دہانی کروائی۔وزیرِ نے زور دیا کہ یہ اقدامات وزیراعظم شہباز شریف کے وڑن ‘‘ڈیجیٹل نیشن پاکستان’’ کے عین مطابق ہیں، جس کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی، شمولیتی ترقی اور جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنا ہے۔