وزیراعظم آزاد کشمیرنے جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز 2 کے تعمیراتی کام میں تاخیر کے حوالے سے پی ڈی او حکام/ غیر ملکی انجینئرز سے فریفنگ لی

اتوار 27 جولائی 2025 20:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز 2 کے تعمیراتی کام میں تاخیر کے حوالے سے پی ڈی او حکام/ غیر ملکی انجینئرز سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر وزرائے حکومت میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، پیر مظہرسعید شاہ بھی وزیراعظم آزاد کشمیرکے ساتھ موجود تھے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو منصوبے کے ڈیزائن اور بروقت مشینری کی انسٹالیشن میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو منصوبے میں کام کرنے والے غیر ملکی انجینئرز کو درکار اضافی فنڈز/سکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے متعلقہ فرم پر اضافی اخراجات کا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

وزیراعظم نے غیر ملکی انجینئرز کو پینلز کیلئے درکار ٹیکنیکل سامان کی فوری خریداری کرنے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم آزادکشمیر نے غیر ملکی انجینئرز کو منصوبے کو دسمبر 2025 سے پہلے فعال کرنے کے لئے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی اور کہا کہ جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ فیز 2 کی تکمیل سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا ،موجودہ حکومت کا ہدف عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے ۔