
غزہ: اسرائیلی جنگی وقفے کا خیرمقدم، یو این کی ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع
یو این
پیر 28 جولائی 2025
00:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 28 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جنگ میں وقفے دینے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ ادارے کی ٹیمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ضرورت مند لوگوں کو ہنگامی بنیاد پر مدد پہنچانے کی ہرممکن کوششیں کر رہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں غذائی قلت تشویشناک حدود کو چھو رہی ہے اور رواں مہینے بھوک سے ہلاکتوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔
اِس سال غذائی قلت کے نتیجے میں کم از کم 74 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جن میں پانچ سال سے کم عمر کے 24 بچے اور 38 بالغ افراد شامل ہیں۔ ان میں 63 اموات جولائی میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیرقانونی موجودگی کا خاتمہ کرے اور تنازع کے تمام فریقین مسئلے کے دو ریاستی حل کی جانب ٹھوس پیش رفت یقینی بنائیں۔
(جاری ہے)
ان کا کہنا ہے کہ جو ممالک اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال نہیں کر رہے وہ بھی بین الاقوامی جرائم کے ارتکاب میں شریک سمجھے جا سکتے ہیں۔

بڑھتی غذائی قلت
'ڈبلیو ایچ او' نے کہا ہے کہ غزہ کا انسانی بحران قابل انسداد ہے۔
علاقے میں خوراک اور طبی امداد کی فراہمی روکے جانے کا نتیجہ بڑے پیمانے پر اموات کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔ اس وقت غزہ میں لوگوں کی بڑی تعداد بھوک کے باعث اور خوراک کی تلاش میں ہلاک ہو رہی ہے۔ لوگ معمولی سی خوراک کے حصول کی کوشش میں جان کا خطرہ مول لینے پر مجبور ہیں اور 27 مئی کے بعد خوراک تک رسائی کی کوشش میں 1,060 شہری ہلاک اور 7,200 زخمی ہو چکے ہیں۔ادارے نے لوگوں کو بڑے پیمانے پر متنوع اور غذائیت والی خوراک مہیا کرنے اور غذائی قلت کا شکار بچوں سمیت تمام لوگوں کو مقوی غذا اور ضروری طبی مدد کی فراہمی تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھوکے اور خوفزدہ بچے
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے جنگ میں وقفے دینے کا اعلان لوگوں کو بڑے پیمانے پر مدد پہنچانے، حالیہ تباہ کن صورتحال پر قابو پانے اور زندگیوں کو تحفظ دینے کا موقع ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ مارچ میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد بچوں کی زندگی گویا ڈراؤنا خواب بن گئی ہے اور وہ اپنی بقا کے لیے درکار بنیادی چیزوں سے محروم ہو گئے ہیں۔ یہ بچے، بھوکے اور خوفزدہ ہیں اور ان کے لیے کوئی جگہ محفوظ نہیں۔ غزہ کی 20 لاکھ سے زیادہ آبادی کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے۔ ایک تہائی لوگوں کئی روز فاقوں پر مجبور ہیں اور بھوک سے ہلاک ہونے والوں میں 80 فیصد تعداد بچوں کی ہے۔
یونیسف نے بتایا ہے کہ جولائی میں اس نے چھوٹے بچوں کی خوراک اور دودھ سمیت غذائیت کے سامان سے بھرے 147 ٹرک غزہ میں بھیجے ہیں۔ سرحدی راستے کھولے جانے کی صورت میں ادارہ اس تعداد کو مزید بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امید افزا یقین دہانی
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل ٹام فلیچر نے بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے جنگ میں وقفے دینے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ غزہ میں اقوام متحدہ کی ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مدد پہنچانے کی کوشش کریں گی۔عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے بھی جنگ بندی کے وقفوں سے متعلق اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس موجود خوراک کے ذخائر غزہ کے تمام لوگوں کی تین ماہ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
'ڈبلیو ایف پی' نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کے لیے حالات بہتر بنانے سے متعلق حالیہ وعدے امدادی رسائی میں اضافہ کرنے کے لیے اس کی سابقہ یقین دہانی کے علاوہ ہیں۔ اس میں مزید بڑی تعداد میں امدادی ٹرکوں کو غزہ میں آنے کی جازت دینا، امدادی کارروائیوں کی منظوری اور اجازت نامے جاری کرنے کے عمل میں تیزی لانا، امداد کی فراہمی کے لیے متبادل راستوں کا استعمال، امدادی قافلوں کے قریب مسلح افواج کو ہٹانے یا فائرنگ نہ کرنے کی یقین دہانی اور امدادی اداروں کو مواصلاتی آلات منگوانے کی اجازت دینا شامل ہیں۔
ادارے نے امید ظاہر کی ہے ان کی اقدامات کی بدولت غزہ کے بھوکے لوگوں کو بلاتاخیر ہنگامی مدد پہنچانا ممکن ہو سکے گا۔

عالمی برادری سے اپیل
فلسطین کے مسئلے پر کل نیویارک میں ہونے والی اعلیٰ سطحی کانفرنس سے قبل وولکر ترک نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی علاقوں میں اپنی موجودگی جلد از جلد ختم کرے۔
ایک بیان میں انہوں نے دنیا بھر کی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ اس کانفرنس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل پر ہرممکن دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ میں موجودہ تباہ کن حالات کا مستقل طور پر خاتمہ کرے تاکہ زندگیوں کو تحفظ مل سکے۔
مزید اہم خبریں
-
یوکرین میں عام لوگوں اور شہری تنصیبات پر حملوں میں اضافہ، یو این
-
میری کہانی: غزہ کے ظلم و الم میں انسانیت کی شاندار مثال
-
غزہ: اسرائیلی جنگی وقفے کا خیرمقدم، یو این کی ہنگامی امدادی کارروائیاں شروع
-
یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پا گیا، امریکی صدر ٹرمپ کا اعلان
-
خاتون اینکر پرسن شوہر اور 3 بچوں سمیت سیلابی ریلے میں بہہ گئیں
-
صرف گولی و طاقت کا راستہ اختیار کرنا وقتی تسکین تو ہو سکتی ہے پائیدار امن کا ذریعہ نہیں، پی ٹی آئی
-
تیراہ واقعہ پر ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کا قبائلی عمائدین سے جرگہ
-
خاتون مسافر پی آئی اے عملے کی بڑی غفلت سامنے لے آئی
-
امارات میں مخصوص پاکستانی پاسپورٹس کیلئے ویزہ چھوٹ کا نفاذ
-
وادی تیراہ میں امن مارچ پر فائرنگ میں بچوں سمیت 7 بے گناہ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے، جنید اکبر
-
ملک بھر میں (آج)سے مون سون کا نیا سپیل شروع ہونے کی پیش گوئی
-
پیپلز پارٹی کا میاں اظہر کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.