تائیکوانڈو اکیڈمی بحریہ ٹائون میں بیلٹ ٹیسٹ کا انعقاد، 25طلبا کی شرکت

بحریہ ٹائون کی جانب سے تعاون اور سہولیات فراہم کرنا قابلِ ستائش ہے،کامران قریشی

پیر 28 جولائی 2025 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) بی ٹی کے تائیکوانڈو اکیڈمی بحریہ ٹائون میں تائیکوانڈو بیلٹ ٹیسٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں 25 طلبا و طالبات نے مختلف رنگوں کی بیلٹس کے لیے کامیابی سے امتحان دیا۔اس موقع پر کراچی کے مختلف برانچز سے ماہر انسٹرکٹرز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا جن میں فصیح الدین، راحیل اختر، جمال، اویس، ماہا، انابیہ ، ازمان کامران شامل تھے، جنہوں نے بچوں کی مہارتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی تائیکوانڈو کراچی کے صدر محمد فراز عثمان اور معروف سینئر بلیک بیلٹ موعظم بھائی تھے، جنہوں نے کامیاب ہونے والے طلبا میں بیلٹس، سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں اور بچوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔یہ ٹیسٹ کامران قریشی اور منیزہ اکرم کی جانب سے منعقد کیا گیا، جن کی انتھک محنت اور نظم و ضبط کے باعث یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔

(جاری ہے)

ہم خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں والدین کا، جنہوں نے اپنے بچوں کو نہ صرف اس صحت مند کھیل میں شریک کیا بلکہ ان کی مسلسل حوصلہ افزائی سے ان کا اعتماد اور مہارت مزید نکھرے گی ۔ بحریہ ٹان مینجمنٹ کی جانب سے تعاون اور سہولیات فراہم کرنا قابلِ ستائش ہے، جن کے بغیر اس طرح کی تقریبات ممکن نہ ہوتیں۔اس موقع پر بی ٹی کے اکیڈمی کی ڈیڈیکیٹڈ بلیک بیلٹ کھلاڑی وریشہ ذوالفقار کو بھی خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے حالیہ "تیراک انٹرنیشنل اوپن چیمپئن شپ" بینکاک میں پاکستان کے لیے برونز میڈل حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔یہ بیلٹ ٹیسٹ بچوں کی تکنیکی ترقی کا ایک اہم سنگِ میل تھا، جو مستقبل میں ان کے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔