گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادکا اجلاس، مالی سال 26-2025 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری

پیر 28 جولائی 2025 18:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) کی قیادت میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا 22واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مالی سال 26-2025 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری ،تعلیمی معیار کی بہتری ،پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے جامع مالی منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

خزانچی ڈاکٹر نوشین سید نے اجلاس میں تعلیمی ادارے کی ترجیحات سے ہم آہنگ مالیاتی پالیسیوں میں ترامیم پر مشتمل تفصیلی ایجنڈا پیش کیا۔ اہم فیصلوں میں جی سی ویمن یونیورسٹی کی گریجویٹس کے لیے ایم ایس ، ایم فل میں داخلے پر 50 فیصد ٹیوشن فیس میں رعایت، نیز سپورٹس کوٹہ یا ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن پروگرامز میں داخل ہونے والی طالبات کے لیے بھی 50 فیصد ٹیوشن فیس میں چھوٹ کی منظوری شامل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایم ایس ، ایم فل ریسرچ سپروائزرز کے اعزازیہ میں ترامیم، مہمان مقررین اور تکنیکی ماہرین کے لیے اعزازیہ کی نئی پالیسی اور ریسرچ ایوارڈ کے اصول و ضوابط کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، پوسٹ گریجویٹ اور نئے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کی فیسوں کے ڈھانچے کو بھی مزید قابل رسائی اور شفاف بنانے کے لیے ازسر نو ترتیب دیا گیا۔ اجلاس کے اراکین نے وائس چانسلر کی قائدانہ بصیرت کو سراہا اور ان کے فیصلوں کو ادارے کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔