وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام میں کیپیٹل سٹی کے اہم ترین مسائل پر عملی توجہ دینا روایتی انتخابی سیاسی قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، ، زاہدامین

پیر 28 جولائی 2025 19:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)چیئرمین مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ فائونڈیشن زاہد امین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام میں کیپیٹل سٹی کے اہم ترین مسائل پر عملی توجہ دینا روایتی انتخابی سیاسی قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، بڑا مسئلہ منسوخ شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکیج کی بحالی ہے ، پیکیج پر عملدرآمد کے ذریعے پانچ لاکھ آباد کے گنجان شہر کے گوناں گوں مسائل میں کمی لائی جا سکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ دریائے نیلم کی واٹر باڈیز،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور متبادل ذریعہ فراہمی آب دارالحکومت کے سنگین معاملات ہیں،انہوں نے کہا کہ نومبر 2018 ء سے منجمد شدہ معاملات پر عملی اقدامات میں بہت تاخیر ہو چکی ہے ، انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے تسلسل کی صورت میں لوگوں کا یہاں رہنا اور جینا بہت دشوار ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ نومبر 2018ء میں حکومت پاکستان کے ترقیاتی پروگرام کے تحت منظور شدہ لوئرٹوپہ کوہالہ مری ایکسپریس وے کی بحالی اہم اجتماعی معاملہ ہے ، انہوں نے کہا کہ مظفرآباد اور راولاکوٹ کیلئے منظور شدہ نئے تعلیمی بورڈز پر عملدرآمد نئی نسل کے عظیم مفاد میں ہے ، انہوں نے کہا کہ روایتی انتخابی قائدین حکومتی ناانصافیوں سے لاتعلق اور بے پرواہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اہم عوامی مسائل کے حل کیلئے سیاسی قائدین بات کرنا بھی پسند نہیں فرماتے ہیں، احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنا تو بڑی دور کی بات ہے ۔