کے آئی یو میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ اینڈ اے آئی پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز

پیر 28 جولائی 2025 20:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)کے عنوان پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔ یہ تربیتی ورکشاپ کے آئی یو کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سینٹر (ایچ آر ڈی سی)نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور کے اشتراک سے منعقد کی ہے۔

تین روزہ ورکشاپ میں کے آئی یو کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 30 فیکلٹی ممبران شریک ہیں۔ ورکشاپ میں تدریسی جدت، اعلیٰ تعلیم میں اے آئی کے موثر استعمال اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے جدید تکنیکس سکھائی جائیں گی جن کا مقصد اساتذہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے۔

(جاری ہے)

تین روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر منظور علی و دیگر نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام ہمارے اساتذہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور یونیورسٹی کو جدید تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ان سے قبل یو ایم ٹی لاہور کے نمائندوں نے دونوں اداروں کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس تعاون کو جاری رکھنے کا اعادہ کیااور کہاکہ یہ تربیتی پروگرام خطے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مضبوط کرنے کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔