ڈیجیٹل دور میں دین سے وابستگی کو نئی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے، پیر ارشد کاظمی

پیر 28 جولائی 2025 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی صوبہ سندھ، پیر ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل انحراف اور سوشل میڈیا کے منفی رجحانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے کہ علماء، مشائخ اور دینی جماعتیں سوشل میڈیا پر مضبوط اور مثبت موجودگی اختیار کریں، تاکہ نئی نسل کو الحاد، فحاشی اور بے راہ روی سے بچایا جا سکے۔

ایک خصوصی نشست میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر دین دشمن عناصر نوجوان ذہنوں کو گمراہ کر رہے ہیں، جب کہ ہماری دینی قیادت تاحال اس میدان میں مؤثر جواب دینے میں سست روی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

پیر ارشدکاظمی نے کہا کہ صوفیاء کرام نے ہر دور کی زبان اپنائی، آج کی زبان ''ڈیجیٹل میڈیا'' ہے اور اگر ہم اپنی دعوت و اصلاح کو سوشل میڈیا کے جدید طریقوں سے ہم آہنگ نہ کریں تو ہم نوجوان نسل سے کٹ جائیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان جلد ہی ایک ''ڈیجیٹل دعوتی ونگ'' قائم کرے گی، جس میں تربیت یافتہ مبلغین کو ویڈیوز، لائیو سیشنز اور اسلامی مواد کی تیاری کے لیے جدید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔پیر ارشد علی شاہ کاظمی نے والدین، اساتذہ اور مدرسین پر زور دیا کہ وہ بچوں کے موبائل کے استعمال پر نظر رکھیں اور انہیں وقت دین کی بنیادی تعلیمات، اخلاقیات اور سیرتِ رسول ﷺ سے جوڑنے میں کردار ادا کریں۔