کوہ سلطان مائننگ کمپنی لمیٹڈ ، میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا کے باہمی تعاون سے علاقے میں تکنیکی ترقی کے ایک اہم منصوبے کا آغاز

پیر 28 جولائی 2025 20:42

نوکنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء) کوہ سلطان مائننگ کمپنی لمیٹڈ اور میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنا (MCC) کے باہمی تعاون سے علاقے میں تکنیکی ترقی کے ایک اہم منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت مقامی ملازمین کو بین الاقوامی معیار کی فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ٹریننگ پروگرام کے پہلے مرحلے میں کے ایم سی ایل سے وابستہ الیکٹرک ٹیکنیشنز کو ایک ماہ پر مشتمل جامع تربیت دی جا رہی ہے۔

بعد ازاں دوسرے مرحلے میں مختلف فنی شعبوں سے متعلق مزید تربیتی کورسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد منصوبے میں کام کرنے والے مقامی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ایم سی ایل کے چیئرمین مسٹر ڑانگ ڑیوین نے کہا کہ،ہم مقامی نوجوانوں کو مسلسل بنیادوں پر معیاری تکنیکی تربیت فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں نہ صرف اس منصوبے میں بلکہ دیگر صنعتی میدانوں میں بھی بہتر انداز میں خدمات انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

ہمارا ہدف یہاں روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا اور بلوچستان کی پائیدار ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجر لیو جنگجنگ نے بھی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تربیت کی اہمیت اور کمپنی کے وڑن پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ابتدائی طور پر شروع ہونے والے تربیتی پروگرام میں ایک ماہ کا الیکٹرک ٹیکنیشن کورس شامل ہے، جس کے کامیاب انعقاد کے بعد دیگر فنی شعبوں میں بھی تربیتی سیشنز شروع کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :