لگتا ہے کرپٹو پر مفتاح اسماعیل کا بھی وہی بیانیہ ہے جو بھارت کا ہے، عطا تارڑ

پیر 28 جولائی 2025 20:46

لگتا ہے کرپٹو پر مفتاح اسماعیل کا بھی وہی بیانیہ ہے جو بھارت کا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاہے کہ کرپٹو کے حوالے سے مفتاح اسماعیل کا بھی وہی بیانیہ ہے جو بھارت کا ہے، کرپٹو سے متعلق بغیر تحقیق کے الزامات لگانا دشمن کا ایجنڈا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے شاید ان کو ہضم نہیں ہور ہا، پاکستان واحد ملک ہے جہاں کرپٹو کرنسی سے متعلق واضح میکانزم بنایا گیا ہے، کرپٹو کونسل بنائی گئی ہے، اس کے حوالے سے قوانین بنائے گئے ہیں، ہمارے دشمن نے اس حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اسحاق ڈار سے متعلق غلط کہا گیا کہ وہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے ممبر ہیں، عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے جتنی کوشش کی گئی کسی دور حکومت میں نہیں ہوئی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت عافیہ صدیقی کو سفارتی اور قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے، عافیہ صدیقی سے متعلق اسحاق ڈار وضاحت دے چکے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان کے دور میں پاک ترک تعلقات کو ایک نئی جہت ملی، وہ مسلم امہ کے مضبوط رہنماء ہیں۔