وفاقی وزیرمواصلات کی ہدایت پر سیکرٹری و چیئرمین این ایچ اے کا بحالی آپریشن

پیر 28 جولائی 2025 20:57

وفاقی وزیرمواصلات کی ہدایت پر سیکرٹری و چیئرمین این ایچ اے کا بحالی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے سے دن رات جاری آپریشن کے ذریعے کاغان ، ناران ، بابو سرٹاپ اور چلاس کے راستے کلیئر کر دیئے ہیں،اسی طرح مانسہرہ سے جلکھڈکی 242کلو میٹر طویل N-15سے لینڈ سلائیڈنگ ہٹا دی گئی ہیں جبکہ جگلوٹ سے سکردو روڈ کی سلائیڈنگ گزشتہ روڈ ہی ہٹا دی گئی تھیں اور ان راستوں کو سیاحوں اور شہریوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کے احکامات پر سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے اپنی نگرانی میں مختلف شاہراہوں پر آپریشن کی نگرانی کی اور پہلے مرحلے میں 20جگہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کلیئر کر دی گئیں ۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سینئر افسران نے بھاری مشینری اور ورک فورس کے ساتھ جانفشانی سے کام جاری رکھا جس کے باعث کم سے کم وقت میں عارضی راستوں، پلوں اور دیگر رابطوں کو بحال کرنا ممکن ہو سکا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو بھی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی گئی اور انہیں وہاں کی صورتحال سے باخبر رکھا گیا جس کے بعد پیر کی سہ پہر حتمی رپورٹ موصول ہوئی کہ تمام راستے اب معمول کی ٹریفک کے لئے کھلے ہیں۔اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اور بہترین ٹیم ورک کے ساتھ اس قدر بڑا آپریشن مکمل ہوا ہے،کلاڈ برسٹ اور بارشوں سے سڑکوں کو بھاری نقصان پہنچا،بڑے پتھروں،پلوں کے ٹوٹنے اور گارے و کیچڑ کے باعث کام کرنا انتہائی دشوار تھا لیکن وفاقی وزیر مو اصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر تمام عملہ 24گھنٹے مصروف عمل رہا جس کے باعث اتوار کو ہی 90فیصد سے زائد رابطے بحال ہو چکے تھے اور باقی ماندہ 10فیصد کام بھی سوموار کو مکمل کر لیا گیا۔

چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے بھی فیلڈ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ہر طرح سے الرٹ رکھا اور آئندہ کے لئے این ایچ اے کی طرف سے ایمرجنسی رسپانس پلان بھی تیارکیا تاکہ کسی قسم کی ناگہانی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ حتمی طور پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کورپورٹ پیش کر دی گئی ہے ۔حالیہ واقعات سے متاثرہ تمام شاہراہیں ٹریفک کے لئے کھل چکی ہیں۔