Live Updates

پنجاب میں چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا

حکومت نے چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتیں مقرر کی تھیں، لیکن عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے، چینی نرخوں میں مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کو پکڑا جائے گا، ترجمان پرائس کنٹرول

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 28 جولائی 2025 23:02

پنجاب میں چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔28 جولائی 2025ء ) چینی کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1349 دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، پنجاب بھر میں 24 افراد گرفتار، 5 کیخلاف مقدمات درج جبکہ 1320 افراد کو جرمانے عائد کیے گئے،گزشتہ 3 روز میں 17 ہزار 487 افراد کیخلاف کارروائیوں میں 857 افراد گرفتار،135 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں،لاہور ڈویڑن میں 467 گراں فروشوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 6 افراد گرفتار جبکہ 4 کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے، گزشتہ روز گوجرانولہ ڈویڑن میں 347 جبکہ فیصل آباد ڈویڑن میں 38 دوکانداروں کیخلاف چینی کے نرخوں کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں، بہاولپور ڈویڑن میں 14,ڈی جی خان 57، جبکہ ملتان  میں 317چینی گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں کی گئیں،سرگودھا ڈویڑن میں 16، ساہیوال 3 جبکہ راولپنڈی میں 90 دوکانداروں کیخلاف  مہنگے داموں چینی فروخت کرنے پر کارروائیاں کی گئیں، ترجمان پرائس کنٹرول نے واضح کیا کہ عام مارکیٹ اور ہول سیل مارکیٹ میں چینی نرخوں میں مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کمشنر کراچی نے شہر میں چینی کی ہول سیل قیمت 170 اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ کمشنر کراچی نے ہدایت جاری کی ہے کہ اس نوٹی فکیشن پر ہول سیلرز، ریٹیلرز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز سختی سے عمل کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے چینی غائب ہوگئی، شہری چینی کی تلاش میں بازاروں کے چکر لگاتے تھک چکے ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو ہے جبکہ منڈی سے چینی 178 سے 188 روپے مل رہی ہے۔پرائس مجسٹریٹ کی گرفتاریوں سے تنگ آ چکے اب چینی نہیں رکھیں گے۔ مزید برآں اسلام آباد کی مارکیٹوں میں شہریوں کو چینی نہیں مل رہی جس کے باعث شہری چینی کی تلاش میں بازاروں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔اسلام آباد میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ چینی کا سرکاری ریٹ 172 روپے فی کلو ہے، منڈی سے چینی 178 سے 188 روپے مل رہی ہے، پرائس مجسٹریٹ کی گرفتاریوں سے تنگ آ چکے اب چینی نہیں رکھیں گے۔

وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں میں چینی نہ ہونے پر لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور عوام کا کہنا ہے کہ جو ملک چینی کی پیداوار میں خودمختار ہو وہیں چینی نا ملے تو پھر دیگر چیزوں کا کیا کہیں چینی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شوگر ملز نے حکومت سے 165 روپے ایکس مل پرائس کا معاہدہ کرکے چینی کی فراہمی روک دی ہے، چینی اسٹاک ختم ہونے لگا ہے تاہم شوگر ملز نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات