پی ٹی آئی ایم پی اے نے لیگی ایم پی اے کو تھپڑ مار دیا

پنجاب اسمبلی میں لیگی ایم پی اے کے گارڈ اور ملازمین کی پی ٹی آئی ایم پی ایز کو غلیظ گالیاں اور مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کی کوشش کے بعد ایوان میں جھگڑا ہوا

muhammad ali محمد علی پیر 28 جولائی 2025 21:48

پی ٹی آئی ایم پی اے نے لیگی ایم پی اے کو تھپڑ مار دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی2025ء) پی ٹی آئی ایم پی اے نے لیگی ایم پی اے کو تھپڑ مار دیا، پنجاب اسمبلی میں لیگی ایم پی اے کے گارڈ اور ملازمین کی پی ٹی آئی ایم پی ایز کو غلیظ گالیاں اور مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کی کوشش کے بعد ایوان میں جھگڑا ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس اُس وقت بدنظمی کا شکار ہو گیا جب اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی، جہاں اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن احسان ریاض کو تھپڑ مار دیا، جس کے بعد اجلاس کو 5 منٹ کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خالد نثار ڈوگر اپنی نشست سے اٹھ کر مسلم لیگ (ن) کے رکن احسان ریاض کے پاس پہنچے اور انہیں منہ پر تھپڑ دے مارا، اچانک اس حملے سے ایوان میں شدید شور شرابا شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے دوران صوبائی وزیر ذیشان رفیق بھی ہاتھا پائی میں کود پڑے، وزیـر قانون صہیب بھرتھ، عاشق کرمانی اور دیگر ارکان بیچ بچاؤ کی کوشش کرتے رہے تاہم ماحول بدستور کشیدہ رہا۔

قائم مقام اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے صورتحال کو قابو میں لانے کی متعدد بار کوشش کی اور ارکان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی، تاہم بد نظمی جاری رہنے پر انہوں نے اجلاس 5 منٹ کے لیے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان کے اندر ہونے والے جھگڑے سے قبل ایوان کے باہر بھی جھگڑا ہوا جس کے بعد جھگڑے کا معاملہ ایوان کے اندر تک بھی پہنچ گیا۔

تحریک انصاف کے ایم پی ایز کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایوان کے باہر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کے گارڈ اور دیگر ملازمین نے انہیں غلیظ گالیاں نکالیں، جبکہ لیگی ایم پی اے کے گارڈ کی جانب سے پی ٹی آئی ایم پی اے کو تھپڑ مارنے کی کوشش بھی کی گئی۔ اس تمام واقعے کے بعد قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے تحریک انصاف کے ایم پی اے خالد نثار ڈوگر کو 15 سیشنز کیلئے معطل کر دیا۔ اس کے علاوہ ایوان کے اندر صرف کورم کی نشاندہی کرنے پر بھی تحریک انصاف کے ایم پی اے امتیاز شیخ پر 15 سیشنز میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے کسی ایم پی اے اور ملازمین کیخلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔