علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کا 29واں فیکلٹی بورڈ اجلاس

منگل 29 جولائی 2025 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنسز کا 29واں فیکلٹی بورڈ اجلاس گزشتہ روزمنعقد ہوا جس کی صدارت ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے کی۔ اجلاس میں سینئر فیکلٹی ممبران، متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان اور بیرونی ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد فیکلٹی آف سائنسز کے جاری اور مجوزہ تعلیمی پروگرامز کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں جدید سائنسی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔

اس دوران تحقیقی منصوبہ جات، تدریسی معیار اور نصاب کی بہتری جیسے کلیدی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تدریس و تحقیق میں بین الاقوامی معیار کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم جدید ٹیکنالوجی اور عالمی رجحانات کے ساتھ خود کو موثر طور پر ہم آہنگ کر سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شارٹ ٹرم کورسز، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی سکیم آف سٹڈیز کی منظوری دی گئی۔

ڈائریکٹر اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن ڈاکٹر زاہد مجید نے اس موقع پر واضح کیا کہ جب تک کسی پروگرام کے لیے درکار فیکلٹی مکمل نہیں ہو جاتی، اس پروگرام کا آغاز نہ کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر تعلیمی پروگرام کی سکیم آف سٹڈیز یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسیوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیے۔یہاں اس امر کی وضاحت ضروری ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات کی روشنی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز کے فیکلٹی بورڈ اجلاس باقاعدگی اور تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ان اجلاسوں کا مقصد تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا، نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا اور معیاری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ان اقدامات کے ذریعے یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی نظام کو قومی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔