قائداعظم یونیورسٹی کا وقت کی کمی کے باعث موسم گرما کے شیڈول سیشن کی بندش کا باضابطہ اعلان

منگل 29 جولائی 2025 18:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) قائداعظم یونیورسٹی نے وقت کی کمی کے باعث موسم گرما کے شیڈول سیشن کی بندش کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ یونیورسٹی کے عارضی وائس چانسلر پروفیسر ظفر نواز جسپال کی زیر صدارت 8 اور 16 جولائی کو ڈینز، چیئرمینز اور ڈائریکٹرز کی اجلاسوں میں کیا گیا تھا۔ اس فیصلے میں ہاسٹلز کو خالی کر کے ضروری مرمت، صفائی اور سہولیات کو بہتر کرنا شامل ہے۔

اپنے عہدے کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے 25 جولائی کو ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ان فیصلوں کی توثیق کی۔اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) کے صدر پروفیسر مظہر اقبال نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر آج صبح ہاسٹل کی صفائی کی مہم کی نگرانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، اسلام آباد انتظامیہ، پرووسٹ بوائز ہاسٹل، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز (ڈی ایس اے)، ہاسٹل کے عملے، ریذیڈنٹ افسر، سکیورٹی افسران اور سکیورٹی اہلکاروں کے عملی اقدام کو بھی سراہا۔

اے ایس اے نے پروفیسر ظفر نواز جسپال کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس عبوری مدت میں اپنے حوصلہ مند اور اصولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ اے ایس اے اپنے گزشتہ بیانات کے ذریعے یونیورسٹی کو درپیش مختلف چیلنجز کو اجاگر کرتی رہی ہے۔ اے ایس اے امید ظاہر کری ہے کہ قانون و انتظام اور یونیورسٹی کی انتظامی عملداری کو مستقل طور پر برقرار رکھا جائے گا تاکہ تمام طلبہ کے لیے ایک محفوظ، مستحکم اور ضابطے کے مطابق کیمپس ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔