وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا چین میں حالیہ طوفانی بارشوں اور زمین سرکنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے بےگھر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 29 جولائی 2025 23:00

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا چین میں حالیہ طوفانی بارشوں اور زمین سرکنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین میں حالیہ طوفانی بارشوں اور زمین سرکنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے بےگھر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ میں اپنی اور پاکستانی عوام کی جانب سے متاثرہ خاندانوں اور تمام متاثرہ افراد سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ عرصے میں ہم نے بھی ایسی ہی مشکلات کا سامنا کیا ہے، اس لیے ہم اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کی تکالیف کو پوری طرح محسوس کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ صدر شی جن پنگ کی مضبوط قیادت میں چینی عوام کا حوصلہ اور اتحاد انہیں اس مشکل وقت سے نکال لے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام آزمائش کی اس گھڑی میں چینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہمارا آہنی بھائی چارہ ہر مشکل میں ہمارا رشتہ مزید مضبوط کرتا ہے۔