غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف بلدیہ عظمیٰ کراچی کے بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز

منگل 29 جولائی 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے شہر بھر میں مفت پارکنگ کے اعلان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے غیرقانونی پارکنگ فیس کی وصولی کے خاتمے کے لیے بھرپور اور جامع آپریشن کا آغاز کر دیا ہے،عوامی شکایات کے ازالے اور مفت پارکنگ کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے میئر کراچی نے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ سٹی وارڈن پوری مستعدی اور چوکسی سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے،اس مہم کے آغاز سے اب تک غیرقانونی پارکنگ فیس کی وصولی کے سلسلے میں تین ایف آئی آرز درج کرائی جا چکی ہیں، شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 10 جولائی کو کھارادر تھانے میں،28 جولائی کو بہادرآباد تھانے میں سٹی وارڈنز کی کامیاب کارروائی کے بعد ایف آئی آر در ج کرائی گئی، 29 جولائی کو بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرایا گیا اور غیرقانونی پارکنگ پرچیاں اور وصول شدہ رقم برآمد کر کے پولیس کے حوالے کر دی گئیں، میئر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں پارکنگ فیس ادا نہ کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر کے ایم سی ہیلپ لائن 1339 پر دیں، انہوں نے محکمہ سٹی وارڈن کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ مفت پارکنگ مقامات پر ٹیمیں تعینات کی جائیں اور مسلسل گشت کو یقینی بنایا جائے تاکہ پالیسی پر سختی سے عمل ہو،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی اعلان کردہ پالیسی کے تحت مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرُعزم ہے۔