وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی فرانسیسی جیمز مینوفیکچرر سے اہم ملاقات ، قانونی برآمدات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

منگل 29 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے منگل کو فرانسیسی جیمز مینوفیکچرر سے اہم ملاقات کی جس میں جیمز اینڈ جیولری کی برآمدات، دستاویزات کے عمل اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دنیا کے صفِ اول کے قیمتی پتھروں کے پیداواری ممالک میں شامل ہے مگر اس کے باوجود جیم سٹونز کی رسمی برآمدات صرف چند ملین ڈالر تک محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اربوں ڈالر مالیت کے قیمتی پتھروں (جیمز) کے ذخائر موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے زیادہ تر برآمدات غیر دستاویزی طریقوں سے کی جا رہی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان سے سالانہ تقریباً 2 ارب ڈالر کا سونا غیر قانونی اور غیر دستاویزی طریقے سے برآمد کیا جا رہا ہے جو نہ صرف قومی خزانے کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے لئے بھی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

ہارون اختر خان نے کہاکہ سونے اور قیمتی پتھروں کی ایکسپورٹ کی مکمل دستاویز سازی انتہائی ضروری ہے تاکہ قومی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے اور غیر قانونی طریقہ کار کی حوصلہ شکنی ہو۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا غیر قانونی جیمز اینڈ جیولری کا کاروبار ہر سال خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا رہا ہے، حکومت اس شعبے کی تنظیمِ نو اور شفافیت کے فروغ کے لئے سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور قانونی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لئے پالیسی اقدامات پر کام جاری ہے۔ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے جیمز اینڈ جیولری سے وابستہ تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس شعبے میں اصلاحات، تعاون اور قانونی برآمدات کے فروغ کو عملی شکل دی جا سکے۔