کینسر کی روک تھام کیلئےپاکستان بیت المال کا کردار قابل تحسین ہے، طارق فضل چوہدری

منگل 29 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے، ہماری حکومت اس کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان بیت المال کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض کی روک تھام کے حوالے سے سیمینار منعقد کرنے پر پاکستان بیت المال کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈی بیت المال شاہین خالد بٹ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے، کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلائو کو روکنا اور اس کے شکار مریضوں کو علاج مہیا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص مہلک بیماری کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں ہو اور علاج کے لئے پیسے بھی نہ ہوں تو یہ انتہائی تکلیف دہ لمحات ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تعلیم، صحت و دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنا ریاست کا فرض ہے، ہماری حکومت اس کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف نے بیت المال کا ادارہ اسی ویژن کے ساتھ بنایا تھا کہ متوسط طبقے کو علاج معالجے اور دیگر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف ،قائد نواز شریف کی سوچ کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ خوشی ہے کہ بیت المال ملک کے دور دراز علاقوں میں وسائل کے مطابق بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ حکومت بیت المال کو مزید مضبوط ادارہ بنائے گی اور اس کے ذریعے مزدوروں، طالبعلموں اور دیگر شعبہ زندگی کو فائدہ پہنچے گا۔