ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں ،15 ملزمان گرفتار،اسلحہ ،منشیات و آتشبازی کا سامان برآمد

منگل 29 جولائی 2025 23:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 15 ملزمان گرفتار کر کے اسلحہ ،منشیات اور آتشبازی کا سامان برآمد کر لیا ۔پولیس ترجمان کے مطابق آراے بازار پولیس نے لیڈی منشیات سپلائر کو حراست میں لے کر 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کی، مندرہ پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے کر 4 کلو 890 گرام چرس برآمد کی، دھمیال پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے کر 2 کلو 180 گرام چرس برآمد کی، سول لائن پولیس نے ایک فرد کو حراست میں لے کر 1 کلو320 گرام چرس برآمد کرلی ۔

(جاری ہے)

کہوٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 17 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا، کہوٹہ پولیس نے متاثرہ کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے فوری گرفتار کر لیا،گنجمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آتش بازی کا سامان لے کر جانے والے دوافراد کو گرفتار کرلیا، زیر حراست افراد سے150سوتر گولہ،90ماچس پٹاخے،28انار،12پھلجڑیاں،3چائنا بکس اور 2چائنا سٹک برآمدہوئیں، رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کرلیا،واقعہ کا مقدمہ رواں سال جنوری میں درج کیا گیا تھا،زیر حراست اشتہاری کو رتہ امرال پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا،واہ کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں مطلوب اشتہار ی کو گرفتار کر لیا، اشتہار ی سال 2022 سے واہ کینٹ پولیس کو مطلوب تھا،راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے03افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا،زیر حراست افراد کے خلاف کارروئیاں تھانہ صدرواہ،مندرہ اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئی ہیں،ڈویژنل ایس پی کا کہنا تھا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔