برطانیہ کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان ، سعودی عرب کاخیر مقدم

بدھ 30 جولائی 2025 09:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) سعودی عرب نے برطانوی وزیراعظم کیئرسٹارمر کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے ارادے اور دو ریاستی حل کی حمایت کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بین الاقوامی برادری اور امن پسند ملکوں پر پھر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قرار دادوں پرعملدرآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

یہ قراردادیں فلسطینی عوام کے اس پیدائشی حق کو تسلیم کرتی ہیں کہ وہ 1976 کی سرحدوں پر ایک آزاد ریاست قائم کریں جس کا دارلحکومت مشرقی بیت المقد س ہو۔یاد رہے برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے منگل کو کابینہ کو بتایا کہ ان کا ملک فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کر لے گا۔فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ غزہ کی صورت حال نہ بدلی تو برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو ریاست تسلیم کر لے گا۔وزیراعظم کیئر سٹارمر کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے جنگ بندی اور دو ریاستی حل پر پیش رفت نہ کی تو برطانیہ کا یہ فیصلہ نافذالعمل ہوگا۔