تین روزہ الیکٹرسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ نمائش یکم اگست سے شروع ہو گی

بدھ 30 جولائی 2025 10:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) پاکستان میں توانائی اور الیکٹرک موبیلٹی کے شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے الیکٹرسٹی پاکستان اور ای وی ایس ورلڈ نمائش(پرسوں ) یکم سے 3 اگست تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہو گی۔ تین روزہ بین الاقوامی نمائش فیکٹ ایگزیبیشنز کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے جس میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

نمائش میں توانائی اور الیکٹرک موبلٹی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، پائیدار حل، اور انقلابی ایجادات کو پیش کیا جائے گا۔الیکٹرسٹی پاکستان نمائش میں پاور، انرجی اور الیکٹریکل انجینئرنگ جیسے کلیدی شعبے توجہ کا مرکز ہوں گے، جب کہ ای وی ایس ورلڈ نمائش میں الیکٹرک گاڑیاں، چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری اسٹوریج سلوشنز، اور گرین ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فیکٹ ایگزیبیشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم خان تنولی کا کہناہے کہ یہ نمائش ہمارے لیے ایک موقع ہے کہ ہم پاکستان کو توانائی اور الیکٹرک موبلٹی کے شعبوں میں درپیش چیلنجز کے قابلِ عمل حل فراہم کر سکیں۔ ہمارا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں دنیا بھر کی جدید ٹیکنالوجی اور مقامی صلاحیتیں مل کر پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل کریں۔اس نمائش میں پالیسی سازوں، صنعتی ماہرین، کاروباری رہنماوں، حکومتی اداروں، اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف باہمی شراکت داری اور مکالمے کو فروغ دے گا بلکہ پاکستان کے توانائی و ٹرانسپورٹ نظام کو زیادہ مربوط، مثر اور ماحول دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔