پونچھ :بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا، نگروٹہ میں ایک نوجوان گرفتار

بدھ 30 جولائی 2025 11:20

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں نے ضلع میں کنٹرول لائن (ایل او سی) کے ساتھ واقع مختلف دیہاتوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ یہ آپریشن علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھے جانے کے بعد شروع کیا گیا۔فورسز کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔دریں اثنابھارتی فورسز نے ضلع کٹھوعہ کے علاقوں چبہ چک، رام پور اور راجباغ میں دوسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ بھارتی پولیس نے جموں کے علاقے نگروٹہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے جو ایک پرائیویٹ کار میں سرینگر جا رہا تھا۔ پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کیلئے اسے عسکریت پسندوں کا ساتھی قرار دیا ہے۔