Live Updates

جڑواں شہروں میں شدید طوفان باد وباراں، طوفانی بارش،نشیبی علاقے زیر آب آ گئے رین ایمرجنسی نافذ

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، شدید موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 30 جولائی 2025 11:48

راولپنڈی،اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30جولائی 2025)جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید طوفان بادوباراں، طوفانی بارش،نشیبی علاقے زیر آب آ گئے رین ایمرجنسی نافذ، شدید طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالوں میں طغیانی آگئی،واسا نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کردی، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واسا کی ٹیمیں انڈر پاسز سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ مساجد سے شہریوں کو الرٹ رہنے کے اعلانات بھی کئے جا رہے ہیں۔راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔ سید پور میں 90 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ شمس آباد میں 80، کٹاریاں 78،،پی ایم ڈی 55 اور پیر ودھائی،52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کا سلسلہ رات 12 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا جو ڈیڑھ گھنٹے میں شدت اختیار کر گیا۔

(جاری ہے)

شدید موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ نالہ لئی کے نیو کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 10 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 6 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔شب 2 بجے تک سیدپور کے مقام پر 86 ملی میٹر،شمس آباد میں 77، نیو کٹاریاں میں 73 اور ایچ-8/2 کے مقام پر 49 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیرودھائی میں 47، بوکڑا 27، گولڑہ 26، جبکہ کچہری چکلالہ میں 25 ملی میٹر بارش ہوئی۔

گوالمنڈی میں 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی بادل برسے، ہری پورمیں نشیبی علاقے زیرآب آگئے، پانی گھروں میں داخل ہوگیاجبکہ کالا باغ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا۔

شہر کے متعدد نشیبی علاقے مکمل طور پرزیر آب آ گئے ہیں۔ جاوید کالونی، ندیم کالونی، ڈھوک الٰہی بخش سمیت دیگر علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے جبکہ گلیوں اور محلوں میں 3 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے۔ شہری رات کے وقت گھروں میں پانی داخل ہونے پر نیند سے جاگ اٹھے۔دوسری جانب ناران میں بابوسر ٹاپ جانے والا مرکزی راستہ جھلکنڈ کے مقام پر سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گیا ہے۔محکمہ سیاحت کے مطابق متاثرہ مقام پرراستہ کلیئر کرنے کا کام جاری ہے تاہم مسلسل بارشوں اوردشوارگزارعلاقے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان محکمہ سیاحت  نے سیاحوں اور مسافروں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریزکی ہدایت کی ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات